وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں خاتون سے رقم اور موبائل فون چوری کرنے والے میاں بیوی گرفتار، مال مسروقہ برآمد.

20

ایبٹ آباد: وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال ایبٹ آباد میں علاج معالجہ کے لیے آنے والی خاتون سے رقم اور موبائل فون چوری کرنے کے واقعے میں ملوث میاں بیوی کو پولیس نے گرفتار کر کے مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ کینٹ علی جدون کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جدید تفتیشی ذرائع، شواہد اور معلومات کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ کارروائی کے دوران مسماۃ روبینہ زوجہ اسد اور اس کے شوہر اسد ولد شیر افگن، ساکنان لورہ چوک، کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں علاج کی غرض سے آنے والی خاتون کو نشانہ بناتے ہوئے موقع پا کر اس کی نقد رقم، موبائل فون اور دیگر ضروری دستاویزات چوری کر لی تھیں۔ شکایت موصول ہونے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کیا اور مختصر وقت میں ملزمان تک رسائی حاصل کر لی۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 6 ہزار روپے نقدی، چوری شدہ موبائل فون اور متاثرہ خاتون کے ضروری کاغذات برآمد کر لیے ہیں، جنہیں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اصل مالک کے حوالے کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ اس نوعیت کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں یا نہیں۔ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ایبٹ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر اپنے قیمتی سامان کی حفاظت یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں