مانسہرہ: محرم الحرام کے پُرامن انعقاد، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ضلع بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ محمد اظہر خان کی زیر صدارت اہل سنت والجماعت کے علماء کرام کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات، بین المسالک ہم آہنگی، ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور عوام کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ علماء کرام نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امن و امان کے قیام کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل اور ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے کہا کہ محرم الحرام ایثار، قربانی، صبر، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پائیدار امن کے فروغ میں علماء کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے زور دیا کہ اشتعال انگیز تقاریر، نفرت آمیز مواد اور ایسے تمام عوامل سے اجتناب کیا جائے جو امن و امان کی صورتحال کو متاثر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور حکومتی ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔







اجلاس کے اختتام پر علماء کرام نے محرم الحرام کے دوران امن، رواداری اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور علماء کرام کا مشترکہ عزم.
38