ہری پور: جرگے کے دوران فائرنگ، ماموں جاں بحق، بھانجا زخمی، دو ملزمان گرفتار.

36

ہری پور: تھانہ سرائے صالح کی حدود بھٹڑی میں لین دین کے تنازعے پر منعقدہ جرگے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق بھٹڑی میں فیصل اور شیروز پسران فیاض خان کے ڈیرے پر گھریلو معاملات اور لین دین کے تنازعے کے حل کے لیے جرگہ جاری تھا کہ اسی دوران ملزم فیصل ولد فیاض خان نے مبینہ طور پر اچانک فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں احمد نواز ولد عصمت خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جنہیں چہرے پر گولی لگی، جبکہ ان کے بھانجے محمد وقاص ولد طارق محمود سکنہ علی پور فراش زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

پولیس نے تھانہ سرائے صالح میں علت نمبر 381 کے تحت دفعات 302/34 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ہری پور پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے میں نامزد ملزمان فیصل اور شیروز پسران فیاض خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں