پشاور کے علاقے یوسف آباد میں ایک مطلقہ خاتون کے قتل کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق 6 جون کو واقعے کو ابتدائی طور پر خودکشی قرار دے کر رپورٹ درج کرائی گئی تھی، تاہم بعد ازاں تفتیش کے دوران حقائق مختلف سامنے آئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ، جائے وقوعہ سے حاصل شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں یہ ثابت ہوا کہ خاتون نے خودکشی نہیں کی بلکہ انہیں قتل کیا گیا تھا۔
تحقیقات کے دوران مقتولہ کے سگے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ اپنی بہن کے ساتھ رقم جمع کرتا تھا جو 12 ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی۔
ملزم کے بیان کے مطابق جب اس نے اپنی رقم واپس طلب کی تو دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد مبینہ طور پر اس نے مشتعل ہو کر فائرنگ کر دی جس سے خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ گھریلو تنازعات اور تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔