مانسہرہ: ضلع مانسہرہ کے تھانہ نواز آباد کی حدود دومیل میں کراچی سے آئے سیاحوں پر مبینہ حملے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں تین سیاح شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے نے سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی اور سیاحوں کے تحفظ سے متعلق کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، سیاح جب دومیل کے علاقے میں پہنچے تو ان سے مبینہ طور پر نامعلوم نوعیت کا ٹیکس یا رقم طلب کی گئی۔ سیاحتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاحوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پہلے انہیں اپنا سامان اتارنے دیا جائے، جس کے بعد وہ ادائیگی کر دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد مبینہ طور پر تقریباً 15 مقامی افراد نے سیاحوں پر حملہ کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران ایک سیاح کو اونچائی سے نیچے دھکا دے دیا گیا جبکہ دیگر افراد کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی کے سر پر انتہائی گہرا زخم ہونے کے باعث ہڈی نمایاں ہونے کی اطلاع ہے۔ مذکورہ زخمی کو اندرونی چوٹیں بھی آئی ہیں، جبکہ دیگر دو زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
تاحال اس واقعے کے حوالے سے پولیس یا ضلعی انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ واقعے کی نوعیت، مبینہ حملہ آوروں کی شناخت اور قانونی کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
سیاحتی حلقوں اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سیاحتی مقامات پر آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

نوٹ: اس خبر میں شامل بعض معلومات ابتدائی ذرائع پر مبنی ہیں۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا مؤقف موصول ہونے یا مزید مصدقہ معلومات سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔
مانسہرہ: مبینہ ٹیکس تنازع پر کراچی سے آئے سیاحوں پر حملہ، تین افراد شدید زخمی.
22