🚨 بنوں میں گھر پر اندھا دھند فائرنگ، ماں اور دو بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق.

23

بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ایک دلخراش فائرنگ کے واقعے میں ماں اور اس کے دو بیٹوں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ تھانہ منڈان کی حدود میں واقع شابری بھرت نثار کالونی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے رات کی تاریکی میں ایک رہائشی گھر کو نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے گھر پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں نازیہ بی بی زوجہ مرحوم رئیس خان، ان کے دو بیٹے جنید خان اور سنید خان، جبکہ امجد خان اور عالمزیب خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
فائرنگ کے دوران دو دیگر افراد بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے، جبکہ فرانزک شواہد بھی محفوظ کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر حملے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
یہ افسوسناک واقعہ علاقے میں خوف و ہراس کا باعث بن گیا ہے، جبکہ اہلِ علاقہ نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں