مانسہرہ: تھانہ سٹی پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں اور مسلسل کارروائی کے ذریعے موبائل فون شاپ میں اسلحے کی نوک پر ڈکیتی کرنے والے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے مسروقہ موبائل فون، نقدی اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق 30 اپریل 2026 کو تھانہ سٹی کی حدود شمس پلازہ میں واقع ایک موبائل فون شاپ پر اسلحے کی نوک پر ڈکیتی کی واردات پیش آئی تھی، جہاں ایک نامعلوم مسلح شخص دکان سے پانچ قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی ہدایت پر تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع، سی سی ٹی وی فوٹیج اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کرتے ہوئے واردات کو کامیابی سے ٹریس کر لیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران واردات میں ملوث مبینہ ملزم اسد زمان ولد محمد زمان، سکنہ ہڑیالہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم افغان شہری ہے۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک مسروقہ موبائل فون، ایک پستول اور 5 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی، جو پولیس کے مطابق ملزم نے لوٹے گئے موبائل فون فروخت کر کے حاصل کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا ملزم کسی منظم ڈکیت گروہ کا حصہ تھا یا نہیں۔
🚨 مانسہرہ تھانہ سٹی پولیس کی اہم کارروائی، موبائل فون شاپ میں ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار
24