غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن؛ وزارتِ داخلہ نے 10 جولائی کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی.

23

اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں، بالخصوص افغان شہریوں، کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق 10 جولائی 2026 سے ایسے تمام افغان شہریوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی جو بغیر قانونی دستاویزات یا کارآمد ویزا کے پاکستان میں مقیم ہیں۔
وزارتِ داخلہ نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) اور اسلام آباد انتظامیہ کو غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے پلان (IFRP) پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 11 جولائی 2026 سے روزانہ کی بنیاد پر گرفتاریوں اور دیگر کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ وزارتِ داخلہ کو ارسال کرنا لازمی ہوگا۔ حکومت نے اس مہم کو “ٹاپ پرائیورٹی” قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو مؤثر اور بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ یہ کارروائیاں صرف ان غیر ملکی افراد کے خلاف ہوں گی جو پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں یا جن کے پاس قانونی سفری دستاویزات اور مؤثر ویزا موجود نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں