🚨 پشاور ہائیکورٹ نے بی آر ٹی کو جاری ایف بی آر کا 109 ملین روپے کا ٹیکس نوٹس معطل کر دیا.

20

پشاور (مانسہرہ ڈاٹ کام)
پشاور ہائیکورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے بی آر ٹی کو جاری کیا گیا 109 ملین روپے کے ایڈوانس ٹیکس کا نوٹس معطل کر دیا۔
درخواست کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی، جبکہ بی آر ٹی کی جانب سے ناصر محمود ایڈووکیٹ اور شجاع ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف بی آر نے بی آر ٹی کو 109 ملین روپے ایڈوانس ٹیکس جمع کرانے کا نوٹس جاری کیا، حالانکہ بی آر ٹی سال 2025 کے ٹیکس گوشوارے جمع کرا چکی ہے اور مقررہ ایڈوانس ٹیکس بھی ادا کیا جا چکا ہے۔
وکیل کے مطابق ایف بی آر نے اسسمنٹ آرڈر میں ترمیم کیے بغیر نیا نوٹس جاری کیا، جو قانونی تقاضوں کے برعکس ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ایف بی آر اب مزید 85 ملین روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہا ہے، جبکہ بی آر ٹی حکومتی ادارہ ہے اور اس طرزِ عمل سے بی آر ٹی کا نظام متاثر ہونے اور لاکھوں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنے کا خدشہ ہے۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ایف بی آر کا نوٹس معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت، کمشنر ان لینڈ ریونیو، ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں