🚨 لاری اڈہ تنازعہ: گرفتار وکلاء کے حق میں خیبر پختونخوا بار کونسل میدان میں آ گئی.

31

مانسہرہ (مانسہرہ ڈاٹ کام)
لاری اڈہ مانسہرہ تنازعہ کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مانسہرہ کے ارکان بیرسٹر شہیر عالم خان سواتی اور زین عالم خان سواتی ایڈووکیٹ کے خلاف درج مقدمہ اور ان کی گرفتاری پر خیبر پختونخوا بار کونسل نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بار کونسل کے پبلک ریلیشن آفیسر نواز خان عادل کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دونوں وکلاء کی گرفتاری اور مقدمے میں نامزدگی کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق بار کونسل کا مؤقف ہے کہ دونوں وکلاء کو مبینہ طور پر ذاتی عناد اور محض رشتہ داری کی بنیاد پر مقدمے میں شامل کیا گیا، جو انصاف کے بنیادی اصولوں، قانون کی حکمرانی اور وکلاء برادری کے وقار کے منافی ہے۔
بار کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر کسی شخص کے خلاف کارروائی مقصود ہو تو وہ صرف ٹھوس شواہد، غیر جانبدارانہ تحقیقات اور قانون کے مطابق ہونی چاہیے، نہ کہ ذاتی دشمنی یا بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر۔
خیبر پختونخوا بار کونسل نے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا، ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تفتیش کرائی جائے، بے گناہ افراد کو مقدمے سے خارج کیا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ وکلاء کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی فورم پر بھرپور کردار ادا کیا جائے گا اور کسی بھی وکیل کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔
نوٹ: یہ مؤقف خیبر پختونخوا بار کونسل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز پر مبنی ہے۔ مقدمے سے متعلق حتمی حقائق اور قانونی ذمہ داری کا تعین متعلقہ تحقیقاتی اداروں اور عدالتوں کی کارروائی کے بعد ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں