پیرس (مانسہرہ ڈاٹ کام)
فرانس میں جاری شدید ہیٹ ویو کے باعث سپر مارکیٹس میں پنکھوں اور پورٹیبل ایئر کنڈیشنرز کی خریداری کے دوران افراتفری دیکھنے میں آئی، جہاں متعدد مقامات پر خریدار آپس میں جھگڑ پڑے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک معروف سپر اسٹور چین نے ملک بھر میں 2 لاکھ پنکھے اور پورٹیبل ایئر کنڈیشنرز فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد شہری صبح سویرے ہی لمبی قطاروں میں کھڑے ہو گئے۔
پیرس کے مغربی علاقے نانتیئر میں ایک اسٹور کے دروازے کھلتے ہی 100 سے زائد افراد اندر داخل ہو گئے۔ محدود تعداد میں دستیاب سامان حاصل کرنے کی کوشش میں خریداروں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی، جس پر صورتحال قابو میں لانے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی۔
رپورٹس کے مطابق بعض اسٹورز میں چند ہی منٹوں میں تمام پنکھے اور پورٹیبل اے سی فروخت ہو گئے، جبکہ آخری چند یونٹس کے حصول کے لیے بھی خریداروں میں جھگڑے دیکھنے میں آئے۔
ادھر یورپ کے کئی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں متعدد علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے۔ اسپین میں صرف جون کے مہینے کے دوران گرمی سے متعلق 1,029 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جو 2015 کے بعد جون میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
🚨 فرانس میں شدید گرمی نے صورتحال سنگین بنا دی، پنکھے اور اے سی خریدنے پر خریدار آپس میں الجھ پڑے.
15