بحیرۂ عرب میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے نجی کمپنی کے کارگو طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے 53 ناٹیکل میل جنوب میں مل گیا۔
ذرائع کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے 12 گھنٹوں سے زائد جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران طیارے کے ملبے کا سراغ لگایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے عملے اور مزید شواہد کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو اور سرچ کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جبکہ پاک بحریہ اور PMSA کے بحری و فضائی اثاثے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ نجی کمپنی کا کارگو طیارہ گزشتہ رات کراچی سے تقریباً 155 میل مغرب میں اورماڑہ کے قریب بحیرۂ عرب میں پرواز کے دوران ریڈار سے غائب ہوگیا تھا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے بھی طیارے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق طیارے نے شام 7 بج کر 12 منٹ پر اڑان بھری تھی اور اسے رات 9 بج کر 20 منٹ پر کراچی پہنچنا تھا، تاہم 34 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کے دوران اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 5 افراد سوار تھے، جن میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، ایئرکرافٹ انجینیئر محمد حامد اور ایئرکرافٹ انجینیئر محمد عارف صدیقی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق طیارہ ضروری مرمت کے بعد شارجہ سے کراچی آرہا تھا۔ کارگو طیارے کا فلائٹ نمبر KTA1732 تھا جبکہ یہ بوئنگ 737-400 طیارہ تھا۔
بحیرۂ عرب میں لاپتہ کارگو طیارے کا ملبہ مل گیا، سرچ آپریشن جاری.
25