زیارت: بلوچستان کے ضلع زیارت کے پہاڑی علاقے زرغون غر سے 19 افراد کی لاشیں برآمد ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق لاشیں مختلف مقامات سے ملی ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے جاں بحق افراد کی شناخت اور واقعے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ حکام کی جانب سے تاحال برآمد ہونے والی لاشوں کی شناخت یا ہلاکتوں کی وجوہات سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اغوا کیے گئے 9 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جس کے بعد تازہ واقعہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر مزید تشویش کا باعث بن گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا گھیراؤ کر لیا اور سرچ آپریشن کے ساتھ ساتھ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کی تلاش بھی جاری ہے۔
مقامی افراد نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
نوٹ: یہ خبر ابتدائی اطلاعات پر مبنی ہے۔ سرکاری اداروں کی جانب سے مزید تفصیلات یا تصدیق سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔
زیارت: زرغون غر کے علاقے سے 19 لاشیں برآمد ہونے کی اطلاعات، سیکیورٹی فورسز کا علاقے کا گھیراؤ.
25