کراچی: کراچی کے علاقے جٹ لائن میں پولیس نے گھروں میں چوری کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ماں اور بیٹی کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار خواتین کے قبضے سے 75 لاکھ روپے مالیت کے پرائز بانڈز اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے، جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ماں اور بیٹی گزشتہ تین ماہ سے ایک شہری کے گھر ملازمت کر رہی تھیں اور مالکان کی غیر موجودگی میں مبینہ طور پر چوری کی وارداتیں کرتی رہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین ملازمت کی آڑ میں مختلف گھروں میں داخل ہوتیں، موقع ملنے پر قیمتی اشیاء اور نقدی چرا کر فرار ہو جاتی تھیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر دیگر وارداتوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
