کالام: سیف اللہ جھیل میں لاپتہ ہونے والی سیاح لڑکی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن آج مسلسل 16ویں روز بھی جاری ہے۔ ریسکیو 1122 سوات کی واٹر ریسکیو ٹیمیں جدید آلات اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق غوطہ خور، واٹر ریسکیو اہلکار اور دیگر امدادی ٹیمیں جھیل کے مختلف حصوں میں بھرپور انداز میں تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ لاپتہ سیاح لڑکی کا سراغ لگایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن اس وقت تک بلا تعطل جاری رہے گا جب تک لاپتہ لڑکی کا سراغ نہیں مل جاتا۔ ریسکیو 1122 نے سیاحوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تفریحی مقامات، خصوصاً جھیلوں اور دریاؤں کے قریب حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔