مانسہرہ: ضلع مانسہرہ کے تھانہ پھلڑہ کی حدود میں گھریلو ناچاقی ایک افسوسناک سانحے میں تبدیل ہو گئی، جہاں شوہر نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کر دیا، جبکہ بعد ازاں خود کو گولی مار کر زخمی کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ پھلڑہ کے علاقے دھول کنڈ پڑھنہ میں پیش آیا، جہاں ملزم کالا شاہ ولد معظم شاہ کا اپنی اہلیہ ثوبیہ بی بی (عمر تقریباً 30 سے 31 سال) سے گھریلو معاملے پر جھگڑا ہوا۔ تلخ کلامی کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر پستول سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ثوبیہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر اسی پستول سے خود کو بھی گولی مار لی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر مقامی افراد اور لواحقین نے جاں بحق خاتون اور زخمی ملزم کو فوری طور پر کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال (KATH) مانسہرہ منتقل کیا۔
مقتولہ کے بھائی شفاقت شاہ ولد سید جمال شاہ (سکنہ خاکی) کی مدعیت میں تھانہ پھلڑہ میں ملزم کے خلاف دفعہ 302 (قتل عمد) اور دفعہ 324 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم اور مقتولہ کی شادی کو تقریباً 17 سال ہو چکے تھے اور ان کے چار بچے (دو بیٹے اور دو بیٹیاں) ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی ابتدائی وجہ گھریلو تنازع اور میاں بیوی کے درمیان جھگڑا بتائی گئی ہے۔
پولیس نے زخمی ملزم کو ہسپتال میں زیر علاج حالت میں حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
مانسہرہ: گھریلو تنازع پر شوہر کی فائرنگ، بیوی جاں بحق، ملزم خود کو گولی مار کر زخمی.
27