میانوالی: ضلع میانوالی کے علاقے داؤدخیل سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ سجاول عباس نے ثابت کر دیا کہ کامیابی کا تعلق قد و قامت سے نہیں بلکہ عزم، محنت اور حوصلے سے ہوتا ہے۔ صرف 2 فٹ قد اور جسمانی معذوری کے باوجود سجاول نے ایف ایس سی کامیابی سے پاس کر لی، تاہم اب وہ معاشی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔
سجاول عباس نے اپنی تعلیمی زندگی میں کبھی بھی جسمانی معذوری یا کم قد کو رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ انہوں نے میٹرک کے امتحان میں 900 نمبر حاصل کیے اور بعد ازاں ایف ایس سی بھی کامیابی سے مکمل کی۔
سجاول کے والد نے بتایا کہ خاندان میں سجاول واحد فرد ہیں جنہوں نے تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ بھیڑ بکریاں چرا کر بڑی مشکل سے گھر کے اخراجات پورے کرتے ہیں، ایسے میں اعلیٰ تعلیم کے اخراجات برداشت کرنا ان کے لیے ممکن نہیں۔
سجاول عباس کا کہنا ہے کہ اگر حکومتِ پنجاب یا مخیر حضرات ان کی تعلیم میں مالی معاونت کریں تو وہ نہ صرف اپنی تعلیم مکمل کر سکیں گے بلکہ مستقبل میں اپنے والدین کا سہارا بننے اور معاشرے میں باوقار مقام حاصل کرنے کا خواب بھی پورا کر سکیں گے۔
یہ نوجوان اس حقیقت کی زندہ مثال ہے کہ مضبوط ارادے اور محنت ہر مشکل کو شکست دے سکتے ہیں، ضرورت صرف مناسب مواقع اور تعاون کی ہے۔
میانوالی: صرف 2 فٹ قد، مگر حوصلے آسمان سے بلند، ایف ایس سی پاس طالبعلم نے مزید تعلیم کے لیے مدد کی اپیل.
17