راولپنڈی: تھانے میں شہری کے منہ پر جوتا مارنے والے پولیس اہلکار کو معطل، سی پی او کا نوٹس.

27

راولپنڈی – تھانہ گوجر خان میں ایک پولیس اہلکار کی جانب سے تھانے کے ویٹنگ روم میں بیٹھے شہری کے چہرے پر جوتا مارنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی پی او راولپنڈی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ کانسٹیبل کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق راولپنڈی میں ایک مکان پر مبینہ طور پر قبضے کے تنازعہ پر فریقین کے درمیان لڑائی جھگڑا ہوا، جس پر ون فائیو 15 کی کال پر دونوں فریقین کو تھانہ گوجر خان منتقل کیا گیا۔ اس دوران فیاض ججی نامی شہری بغیر جوتوں اور پھٹے ہوئے کپڑوں میں تھانے کے اندر موجود تھا۔
بتایا گیا ہے کہ ویٹنگ روم میں بیٹھے دوسرے فریق اور فیاض ججی کے درمیان تکرار ہوئی تو اسی اثنا میں ایک مسلح باوردی پولیس کانسٹیبل ہاتھ میں جوتا اٹھائے آیا اور خاموش رہنے کا حکم دیتے ہوئے فیاض ججی کے چہرے پر زور سے جوتا رسید کر دیا۔ وہاں موجود دیگر افراد کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ “یہ شخص تھانے میں بیٹھ کر بھی دھمکیاں دے رہا ہے۔”
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر سی پی او راولپنڈی نے سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ کانسٹیبل کو فوری معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے رویے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پولیس عوام کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں