لوئر کوہستان: پہاڑی سے چٹان گرنے سے نوجوان جاں بحق.

34

پٹن – لوئر کوہستان کی تحصیل پٹن میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں پہاڑی سے اچانک وزنی چٹان نیچے گرنے کے نتیجے میں ندی کنارے بیٹھا ایک نوجوان ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز لوئر کوہستان جوہرداد شاہ کے مطابق، غنی الرحمان نامی نوجوان اپنے دوستوں کے ہمراہ مقامی ندی میں نہانے کے بعد پانی کے کنارے بیٹھا تھا کہ قریبی پہاڑی سے ایک بڑی اور وزنی چٹان اچانک لڑھک کر اس پر آ گری، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور مقامی افراد کی مدد سے تقریباً ایک گھنٹے کے طویل اور مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد وزنی چٹان کے نیچے سے لاش کو نکال لیا۔
متوفی کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال پٹن منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی باضابطہ تصدیق کر دی۔
ضروری قانونی و طبی ضوابط کی تکمیل کے بعد لاش تدفین کے لیے غمزدہ خاندان کے حوالے کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں