تھانہ خاکی کی حدود تاجل نوکوٹ میں پولیس نے کارروائی کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش عبدالرزاق اور اس کے اہل خانہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق دو روز قبل چھاپہ مار کارروائی میں عبدالرزاق ولد عیسیٰ خان پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا۔ گرفتاری کے وقت اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر فائرنگ کرکے مزاحمت کی تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ساتھ اسے قابو کرلیا۔
پولیس نے آج کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے عبدالرزاق کی بیوی مسمات (ث) بی بی، بیٹا کیف علی اور ساتھی فرہاد شاہ کو بھی گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا جن میں ایک کلو دو سو بیس گرام چرس، تین سو سات گرام ہیروئن، تین سو سات گرام آئس، پسٹل تیس بور معہ گیارہ خول، نائن ایم ایم پسٹل معہ نو خول اور ایک اور پسٹل تیس بور معہ سات خول شامل ہیں۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔