مانسہرہ میں تھانہ لاری اڈہ پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بٹ دریاں کا رہائشی منشیات فروش نعمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول بھی برآمد کرلیا۔ گرفتار ملزم کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کے مطابق، ایس پی سٹی و ہیڈکوارٹرز ریشم جہانگیر کی سربراہی میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ لاری اڈہ فیصل خلیل اور پولیس ٹیم نے ملزم کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا، جہاں پولیس پر فائرنگ کی گئی۔ جوابی کارروائی میں ملزم زخمی ہو کر گرفتار ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق، گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ سٹی اور تھانہ لاری اڈہ میں منشیات کے دو، دو مقدمات جبکہ تھانہ پارس میں چوری کا مقدمہ بھی درج ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے اس موقع پر واضح کیا کہ:
“منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو پہلے ہی متنبہ کیا جا چکا ہے کہ یا تو اس کاروبار سے باز آجائیں، توبہ کرلیں یا ضلع چھوڑ دیں، بصورت دیگر ان کا انجام یہی ہوگا۔”