منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی فیصلہ کن کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ڈھوڈیال کا رہائشی بدنام زمانہ منشیات فروش فخرالسلام ولد نوراسلام زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے آئس اور پستول برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ شنکیاری پولیس نے منشیات مقدمات میں اشتہاری ملزم سہراب ولد منور خان کی گرفتاری کے لیے عدالت سے وارنٹ حاصل کر رکھے تھے۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ مزید منشیات کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ پولیس جب اسے موقع پر لے جا رہی تھی تو راستے میں ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی ریشم جہانگیر دیگر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچیں اور آپریشن کی نگرانی کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ڈھوڈیال کا بدنام زمانہ منشیات فروش فخرالسلام زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق فخرالسلام کے خلاف منشیات کے 22 سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا ہے کہ منشیات فروش معاشرے کے ناسور ہیں، ضلع مانسہرہ سے ان کے مکمل خاتمے تک کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “جب تک منشیات فروش توبہ تائب ہو کر یہ مکروہ دھندہ چھوڑ نہیں دیتے یا ضلع چھوڑ کر نہیں جاتے، پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔”