خیبر پختونخوا حکومت کا نیا گاڑی رجسٹریشن نظام متعارف — تمام گاڑی مالکان کیلئے 30 نومبر 2025 تک کی ڈیڈ لائن مقرر

79

حکومتِ خیبر پختونخوا نے گاڑیوں کی غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کی روک تھام اور عوامی سہولت کے پیشِ نظر گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں اہم تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں۔ نئے قانون کے تحت اب گاڑی کا نمبر اور نمبر پلیٹ چیسز نمبر کے بجائے گاڑی مالک کے قومی شناختی کارڈ (CNIC) سے منسلک کیا جائے گا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ نیا نظام فوری طور پر صوبے بھر میں نافذ العمل ہوگا اور گاڑی مالکان کو اپنی گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی کے لیے 30 نومبر 2025 تک کا وقت دیا گیا ہے۔ مقررہ مدت کے بعد تمام رجسٹرڈ گاڑیاں ایکسائز ریکارڈ میں موجود شناختی کارڈ ہولڈر کے نام سے خودکار طور پر منسلک کر دی جائیں گی۔

نئے قانون کے تحت اگر کوئی شخص اپنی گاڑی فروخت کرتا ہے تو اس کا شناختی کارڈ سے منسلک رجسٹریشن کارڈ یا سمارٹ کارڈ غیر فعال ہو جائے گا، تاہم پرانا نمبر پلیٹ اور رجسٹریشن نمبر اس کے پاس محفوظ رہے گا۔ فروخت کنندہ یہ نمبر نئی گاڑی پر منتقل کر سکتا ہے، بشرطیکہ وہ تین سال کے اندر بایومیٹرک تصدیق کے بعد اس کی تجدید کرے۔ بصورتِ دیگر، تین سال مکمل ہونے پر وہ نمبر منسوخ تصور ہوگا اور مالک کو متعلقہ ایکسائز دفتر میں سمارٹ کارڈ، رجسٹریشن کاپی اور نمبر پلیٹس جمع کرانی ہوں گی۔

گاڑی فروخت کرنے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ایکسائز آفس کو مطلع کریں تاکہ ریکارڈ کی درستگی ممکن بنائی جا سکے۔

گاڑی خریدنے کے بعد اسے فوراً اپنے نام پر منتقل کرائیں تاکہ مستقبل میں مالی نقصان یا قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں