ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کا مرغی کے گوشت کی مہنگے داموں فروخت پر نوٹس ۔ زندہ مرغی کے وزن اور ریٹ لسٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے مارکیٹ میں زندہ مرغی کے بجائے مرغی کے گوشت کی مہنگے داموں فروخت سے متعلق شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں زندہ مرغی کے وزن اور شہریوں کو ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کے عمل کو یقینی بنانے کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، صدر آل ٹریڈ ایبٹ آباد اور صدر پولٹری ایسوسی ایشن نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اجلاس کے دوران پولٹری اور آل ٹریڈ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ شہریوں کو زندہ مرغی کا وزن فی کلو گرام کے حساب سے ریٹ لسٹ کے مطابق فراہم کیا جائے اور کسی بھی سطح پر زائد قیمت وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے پولٹری ایسوسی ایشن کے تحفظات کو بغور سنا اور ان کے حل کے لیے اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو مزید ورکنگ کی ہدایت جاری کی تاکہ مارکیٹ میں نرخوں کا توازن برقرار رکھا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم ہو۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔