خیبرپختونخوا حکومت کا پیٹرول کے استعمال میں کفایت شعاری کا فیصلہ.

24

خیبر پختونخوا حکومت نے عالمی معاشی بحران اور پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر سرکاری سطح پر ایندھن کے استعمال کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ خزانہ کی جانب سے 7 مارچ 2026 کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبے کے تمام ماتحت اداروں اور دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری امور کی انجام دہی کے دوران پیٹرول کے استعمال میں انتہائی احتیاط اور کفایت شعاری کو یقینی بنایا جائے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کا استعمال صرف ضروری سرکاری فرائض، ہنگامی نوعیت کے کاموں اور ناگزیر فیلڈ آپریشنز تک محدود رکھا جائے گا جبکہ غیر ضروری دوروں، غیر اہم سرکاری معائنے، تقریباتی وزٹس اور فضول سفر پر مکمل پابندی ہوگی۔ سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو صرف سرکاری مقاصد تک محدود رکھا جائے گا اور جہاں ممکن ہو وہاں مشترکہ سفری سہولت کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اجلاسوں کو زیادہ تر آن لائن منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ نقل و حرکت اور ایندھن کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ پشاور میں واقع تمام متعلقہ دفاتر کو بھی ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ تمام محکموں کے سربراہان اپنے ماتحت عملے کو سرکاری وسائل کے مؤثر اور محتاط استعمال کی اہمیت سے آگاہ کریں گے اور پیٹرول کے استعمال کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا تاکہ نگرانی کا عمل شفاف بنایا جا سکے۔ حکام نے ہدایت کی ہے کہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ موجودہ صورتحال میں سرکاری امور بھی متاثر نہ ہوں اور وسائل کا ضیاع بھی روکا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں