مانسہرہ: مانسہرہ میں بائکیا سروس کی رجسٹریشن لازمی قرار ، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مانسہرہ پولیس کا اہم اقدام
ضلعی پولیس سربراہ مانسہرہ محمد اظہر خان کی ہدایات پر ضلع بھر میں بائکیا رائیڈرز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیاہے۔مختلف وارداتوں میں بائکیا کی آڑ میں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیاہے، جس کے بعد بائکیا سروس کی باقاعدہ رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے واضح کیا ہے کہ مانسہرہ پولیس رزقِ حلال کمانے والے محنت کش بائکیا رائیڈرز کی مکمل حمایت کرتی ہے، تاہم بائکیا کے نام پر کسی بھی شخص کو غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ رجسٹریشن کے بعد ہر بائکیا رائیڈر کو خصوصی رجسٹریشن نمبر الاٹ کیا جائے گا، جبکہ رائیڈر کے تمام کوائف متعلقہ تھانے میں ریکارڈ کا حصہ ہوں گے۔
مانسہرہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود بائکیا رائیڈرز کو رجسٹریشن مکمل کرنے کی ترغیب دیں تاکہ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔