ٹھاکرے اسٹیڈیم مانسہرہ کی اپ گریڈیشن کی منظوری — 97 کروڑ 80 لاکھ روپے کا بڑا منصوبہ منظور

17

مانسہرہ: (MansehraDotCom) خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی خصوصی کاوشوں اور صوبائی حکومت کی دلچسپی کے نتیجے میں ضلع مانسہرہ میں واقع تاریخی ٹھاکرے اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے اہم منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔ منصوبے کو محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ خیبرپختونخوا نے باقاعدہ طور پر منظور کیا ہے، جس کی مجموعی لاگت 978 ملین روپے (تقریباً 97 کروڑ 80 لاکھ روپے) مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت اسٹیڈیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا، جس میں کھیلوں کے میدانوں کی بہتری، جدید پویلین کی تعمیر، تماشائیوں کے لیے نشستوں میں اضافہ، بہتر لائٹنگ سسٹم، ڈریسنگ رومز، واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہوگی۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ کی جدید سہولیات اور سکیورٹی کے بہتر انتظامات بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد ضلع مانسہرہ اور گردونواح کے نوجوانوں کو معیاری اور جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ اس اقدام سے نہ صرف مقامی سطح پر کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
اس حوالے سے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کا کہنا ہے کہ ان کا واضح مؤقف ہے کہ صحت مند معاشرے کی بنیاد صحت مند اور مصروف نوجوان ہوتے ہیں۔ اگر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔ اسی وژن کے تحت مانسہرہ میں ٹھاکرے اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے لیے مسلسل کوششیں کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما ہوتی ہے بلکہ معاشرے میں مثبت رجحانات بھی پیدا ہوتے ہیں۔ صوبائی حکومت نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد مانسہرہ میں ضلعی اور بین الاضلاعی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد میں بھی آسانی ہوگی، جس سے علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ مقامی ٹیلنٹ کو بھی سامنے آنے کا موقع ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں