اقراء قتل کیس میں پولیس کی خاموشی پر عوامی تحفظات، سابق امیدوار نے پریس بریفنگ کا مطالبہ کر دیا

57

ایبٹ آباد: اقراء قتل کیس میں پولیس کی خاموشی پر عوامی تحفظات، سابق امیدوار نے پریس بریفنگ کا مطالبہ کر دیا۔

سابق امیدوار قومی اسمبلی ایم ایم راشد اعوان نے اقراء قتل کیس کے حوالے سے ڈی پی او ایبٹ آباد سے فوری پریس بریفنگ کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں ایم ایم راشد اعوان نے بتایا کہ تقریباً 4 ماہ قبل حبیب اللہ قالونی ایبٹ آباد تھانہ میرپور کی حدود میں کمسن ملازمہ اقراء کو حارث لطیف نامی شخص نے درندگی کے بعد قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے پر ایکشن کمیٹی نے تاریخی پرامن احتجاج کیا اور ملزم کو گرفتار کروایا، جس کا چالان عدالت میں جمع کروا دیا گیا۔

سابق امیدوار نے اس امر پر تشویش ظاہر کی کہ چالان عدالت میں جمع ہونے کے باوجود پولیس نے ابھی تک اس کیس کے حوالے سے کوئی پریس بریفنگ نہیں دی اور نہ ہی DNA رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس خاموشی سے عوام میں کئی سوالات جنم لے رہے ہیں کہ آیا کسی کو بچانے کے لیے یہ چپ سادھی گئی ہے۔

ایم ایم راشد اعوان نے عوامی تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی پی او ایبٹ آباد سے مطالبہ کیا کہ کیس کی تفصیلات اور DNA رپورٹ کے حوالے سے مکمل پریس بریفنگ جاری کی جائے تاکہ مظلوم اقراء کو انصاف فراہم کیا جا سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں