کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ میں صحت سہولت کارڈ پر مبینہ گھپلہ

34

مانسہرہ: کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ میں صحت سہولت کارڈ پر مبینہ گھپلہ، میڈیکل سٹور پر ملٹی نیشنل کی بجائے لوکل ادویات کی فراہمی، مریضوں کو لوٹا جانے لگا، کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ میں صحت سہولت کارڈ پر ادویات کی فراہمی میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہسپتال کے صحت سہولت سٹور سے مریضوں کو ملٹی نیشنل کمپنیوں کی منظور شدہ ادویات دینے کے بجائے مبینہ طور پر سستی لوکل ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ھے کہ وارڈز میں ڈیوٹی پر تعینات عملہ صحت کارڈ پرچی پر ملٹی نیشنل ادویات تجویز کرتا ہے مگر ہسپتال سٹور کی جانب سے صرف چند بنیادی اشیاء جن میں آئی وی سیٹ، نارمل سلائن، سرنجیں اور کچھ سستے انجیکشن و سیرپ شامل ہیں فراہم کیے جاتے ہیں۔

باقی چار سے پانچ ادویات ایک الگ کاغذ پر لکھ کر ھسپتال کے باہر ابو زار نامی میڈیکل سٹور سے دلوانے کی ہدایت کی جاتی ہے جہاں مریضوں کو مبینہ طور پر ملٹی نیشنل کے نام پر لوکل کمپنیوں کی دوائیاں تھما دی جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق “پرواز” نامی ڈرِپ کی جگہ ایک غیرمعروف لوکل کمپنی کی ڈرپ دی جا رہی ہے ھسپتال سٹاف کے مطابق جس کے استعمال سے متعدد مریضوں میں شدید ری ایکشن کی شکایات سامنے آ چکی ہیں۔

مقامی افراد اور مریضوں کے لواحقین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ مریضوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ عوام نے صحت حکام اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف انکوائری اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں