گندا اور بدبودار پانی چھوڑے جانے کے سبب شہری شدید مشکلات کا شکار

14

ایبٹ آباد :سول آفیسرز کالونی سے منسلک عثمان آباد روڈ پر اصطبل کی جانب سے گندا اور بدبودار پانی چھوڑے جانے کے سبب شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ علاقے کے مکینوں کے مطابق سارا گندا پانی راستے میں جمع ہو کر تعفن اور کیچڑ پھیلا رہا ہے، جس سے پیدل چلنا ناممکن جبکہ موٹر سائیکل اور گاڑی گزارنا بھی انتہائی خطرناک ہو چکا ہے۔

رہائشیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مسلسل گندگی، کیچڑ اور بدبودار پانی کی وجہ سے علاقے میں بیماریاں پھیلنے کا خطرہ تیزی سے بڑھ رہا ہے، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کر رہے۔ مکینوں کے مطابق نہ واسا نے اب تک کوئی عملی اقدام اٹھایا ہے اور نہ ہی ٹی ایم اے کی جانب سے مسئلہ حل کرنے کے لیے کوئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اہلیانِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اصطبل کے مالکان کو سختی سے پابند بنایا جائے کہ وہ گندا پانی، کچرا یا کوئی بھی ویسٹ سڑک پر نہ پھینکیں، جبکہ راستے کو فوری صاف کروا کر عوام کی پریشانی دور کی جائے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صورتحال جوں کی توں رہی تو صحتِ عامہ کے سنگین مسائل جنم لے سکتے ہیں اور روزانہ آمد و رفت مزید متاثر ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں