ڈی پی او ہری پور کی ڈسٹرکٹ خطیب مولانا عبدالماجد قمر سے اہم ملاقات، مذہبی ہم آہنگی اور امن کے فروغ پر تبادلہ خیال

21

ہری پور: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے ڈسٹرکٹ خطیب ہری پور مولانا عبدالماجد قمر سے ملاقات کی جس میں ضلع بھر میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کی فضا کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران معاشرے میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینے اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ہری پور نے کہا کہ علماء کرام معاشرے کی اصلاح، نوجوان نسل کی مثبت تربیت اور امن و استحکام کے قیام میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ عوام میں برداشت، رواداری، احترام اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں تاکہ معاشرے میں کسی بھی قسم کے مذہبی انتشار یا نفرت کو فروغ نہ مل سکے۔ ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پولیس اور علماء کرام کے درمیان مضبوط رابطہ اور باہمی تعاون سے ضلع ہری پور میں امن، اتحاد اور یکجہتی کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے اور اسے حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر دونوں شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے، فرقہ واریت کے خاتمے اور عوام میں مثبت سوچ کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں