مانسہرہ : ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کے احکامات پر ضلع بھر میں قتل کے مقدمات کے مدعیان کے ساتھ ایس ایچ اوز کی میٹنگز کا سلسلہ شروع۔
ڈی پی او مانسہرہ کی ہدایات پر ضلع کے تمام تھانوں میں ایس ایچ اوز نے قتل کے مقدمات کے مدعیان سے تفصیلی ملاقاتیں شروع کر دی ہیں، جن میں مجرمانِ اشتہاری اور مقدمات کی پیش رفت کے حوالے سے جامع گفتگو کی گئی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد مدعیان کو کیسز کے متعلق درست آگاہی فراہم کرنا، ان کے مسائل سننا اور مقدمات کی شفاف اور مؤثر پیروی کو یقینی بنانا تھا۔
میٹنگز کے دوران ایس ایچ اوز نے مدعیان کو بتایا کہ قتل کے مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اشتہاری ملزمان کے خلاف چھاپوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ افسران کو مقدمات کی تفتیش میں تیزی اور بہتری لانے کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مانسہرہ پولیس سنگین نوعیت کے مقدمات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے قانون کی عملداری، بروقت انصاف اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔