مانسہرہ : پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی میں انیسوں یوم والدین کی تقریب شایان شان طریقے سے منعقد کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر کے پی کے اسمبلی جناب بابر سلیم سواتی تھے ،گیسٹ آف آنرز میں وفاقی وزیر تعلیم محترمہ اور ایم پی اےسردارشاہجان یوسف کے علاوہ مقامی سیاسی نمائیندگان نے بھی تقریب کو رونق بخشی ۔تقریب میں طلبہ کے والدین کثیر تعداد میں شریک ہوئے، ۔
یوم والدین کی تقریب کالج گراونڈ میں منعقد کی گئی، اس تقریب کے لیے گراونڈ کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، اس کے ساتھ ساتھ تقریب کے کامیاب انعقاد کے لیے شاندار انتظامات کیے گئے تھے۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جبکہ تمام مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا بہترین انتظام کیا گیا تھا۔
مہمان خصوصی کی آمد پر پرنسپل ادارہ سونی کم سونگ سو نے سینئر فیکلٹی ممبراناو کے ہمراہ اپنے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، مہمان خصوصی نے کیپٹن محمد عثمان علی شہید کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ اور فاتحہ پڑھی۔
مہمان خصوصی کے پریڈ گراؤنڈ آمد پر انہیں پھولوں کے گل دستے پیش کیے گئے اور کیڈٹس کے چاک وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی اور سٹیج تک مہمان خصوصی کے ہمراہ چلے ۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن سے کیا گیا اس کے بعد بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا اس کے بعد کالج ترانہ پیش کیا گیا۔
استقبالیہ خطبے سے جناب سونی کم سیونگ سو پرنسپل ادارہ نے مہمان خصوصی اور گیسٹ اف آنر کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی گوناگوں مصروفیات سے وقت نکال کر کیڈٹ کالج بٹراسی کے یوم والدین کی تقریب کو رونق بخشی، پرنسپل ادارہ نے تمام شرکائے تقریب کی آمد کو باعث مسرت قرار دیااور کالج کی شاندار کارکردگی اور روز افزوں ترقی وبہتری کا مختصر جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے والدین کو یقین دلایا کہ ان کے بچے محفوظ اور معتبر ہاتھوں میں ہیں، اور ادارہ اپنے طلبہ کی ہمہ جہت تربیت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتا انہو ں نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی بہتر سے بہتر تعلیم وتربیت کی خاطر ادارہ سے مسلسل رابطے میں رہیں اور تربیتی اور اصلاحی کاوشوں میں تعاون کو یقینی بنائیں۔ یہ بچے امید کی کرن ہیں اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
چمپئین علم کی منتقلی کی خوبصورت تقریب منقعد ہوئی جس میں سال 2025کے چمپئین ہاؤس خیبر ہاؤس کو چمپئین علم عطا کیا گیا۔
مہمان خصوصی نے پرنسپل کے ہمراہ پریڈ کے دستوں کا معائنہ کیا اس کے بعد کالج ہذا کے سکاؤٹ کیڈٹس نے خوبصورت عسکری یونیفارم میں پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا اور شرکائے تقریب کو اپنی صلاحیتوں،اعلیٰ نظم وضبط اور اپنی فوج سے محبت کے جذبے سے حیرت زدہ کردیا۔یہ خوبصورت مارچ پاسٹ کالج ایڈجوٹینٹ اور ڈرل سٹاف کی زبردست محنت کا نتیجہ ہے۔
اس کے بعد پی ٹی آئی محمد بشیراور محمد اکرام کی زیر نگرانی ننھے طلبہ نے خوبصورت پی ٹی شو پیش کیا، اس کے بعدہیڈ کوچ یاسر صاحب کی یر نگرانی پھرتیلے جمناسٹ کی ٹیم نے جمناسٹک کا خوبصورت مظاہرہ کیا اور مختلف کرتب دکھا کر شرکائے تقریب کی داد وصول کی۔اس کے بعد تائی کوآنڈو کوچ غضنفر علی کی زیر نگرانی ”تائی کوانڈو“ شو میں طلبہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
ممبر کے پی کے اسمبلی شاہجان یوسف صاحب نے اپنے خطاب میں خوبصورت تقریب کے انعقاد کو سراہا اور کیڈٹ کالج بٹراسی کی ترقی اور استحکام کے لیے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائی
گیسٹ آف آنر محترمہ وجیہہ قمر وفاقی وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں پرنسپل ادارہ ، کالج سٹاف اور طلبہ کو یوم والدین کی اس اعلیٰ معیاری اور منظم تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلبہ کی صلاحیتوں، جذبے اور نظم وضبط کی تعریف کی۔ انہوں نے والدین کو یقین دلایا کہ ان کے بچے ملک کے ایک مایہ ناز تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم ہیں جو طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما میں بے مثال ادارہ ہے۔
تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے طلبہ اساتذہ اورسٹاف کو انعامات سے نوازا گیا۔ پرنسپل نے مہمان خصوصی اورگیسٹ آف آنرز کو کالج سووئینر پیش کیے۔۔۔
تقریب میں میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور تقریب کو شاندار کوریج دی۔
تقریب کے مہمان خصوصی جناب بابر سلیم سواتی سپیکرصوبائی اسمبلی کے پی کے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پرنسپل ادارہ اور سٹاف کا انتہائی ممنون ہوں کہ انہوں نے مجھے یوم والدین کی اس خوبصورت تقریب میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔ میں طلباء کی قابلیت، صلاحیتوں اور مختلف شعبوں میں زبردست کارکردگی سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے۔
کیڈٹ کالج بٹراسی کے طلبہ نے تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں ملک بھر میں جو نام کمایا جو کسی تعارف کا محتاج نہیں اس اعلیٰ کارکردگی کے پس منظر میں یقینا پرنسپل اور ٹیم کا بہت کردار ہے۔
انہوں نے یوم والدین کی خوبصورت تقریب کے انعقاد پر کالج پرنسپل اور کالج انتظامیہ کی شاندار کاوشوں کو سراہا اور تقریب کے انتظامات اور سکاؤٹ کیڈٹس کی بے مثال کارکردگی کی تعریف کی ۔ مہمان خصوصی نے طلبہ، کالج سٹاف اور طلبہ کے والدین کو اپنے اپنے فرائض بطریق احسن ادا کرنے کی تلقین کی اور ملک خدا داد پاکستان کے استحکام وترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
طلبہ نے پاکستان کے چاروں صوبوں گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور ہزارہ کی تہذیب وثقافت کی عکاسی کے لیے خوبصورت لوک رقص پیش کیے گئے اور قومی یکجہتی کی عکاسی کی۔یوم والدین کے موقع پر کالج ہذا میں سکاؤٹنگ کلب، آرٹ اینڈ پینٹگ ، آرچری کلب، کمپوٹر کلب، فزکس ، بائیو اور کمیسٹری کلب میں طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے خوبصورت اور حیرت انگیز ماڈل اور پروجیکٹ تیار کیے۔مہمان خصوصی اور والدین نے کلب سرگرمیوں میں بچوں کی تخلیقات کا بھی مشاہدہ کیا۔
تقریب کا خوبصورت اور دلچسپ ترین مرحلہ ہارس رائیڈنگ شو تھا، ماہر گھڑ سوار طلبہ نے پیشہ ورانہ گھڑ سواروں کی طرح دلفریب کرتب دکھائے۔ سرپٹ دوڑتے گھوڑوں کی زین پر بیٹھے طلبہ نے ٹینٹ پیگنگ اور والٹنگ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ گھڑ سواری کے دوران طلبہ نے گراونڈ میں رکھی گئی مختلف رکاوٹوں کو بڑی مہارت، دلیری اور جرأت سے عبور کیا او ر حاضرین سے داد وصول کی۔ تقریب کے اختتام پرمہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔