بٹگرام: صوبائی حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ضیاء الرحمان نے اسسٹنٹ کمشنر رضوان برکی کے ہمراہ آج ڈی ایچ کیو اسپتال بٹگرام کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال، ڈاکٹر گل شازدہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو اسپتال کے انتظامی و طبی امور پر جامع بریفنگ دی۔
ایم ایس نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے معائنے کے دوران بتایا کہ اسپتال کے نظام کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے، صفائی ستھرائی، مریضوں کی دیکھ بھال، ایمرجنسی سروسز، ادویات کی دستیابی اور مجموعی سروس ڈلیوری میں مثبت بہتری لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم ٹیم ورک کے ساتھ پوری محنت سے کام کر رہے ہیں اور ان شاءاللہ ڈی ایچ کیو اسپتال کو ایک مثالی اسپتال بنائیں گے۔”
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضیاء الرحمان نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں کے اٹنڈنٹس سےدوایوں اور دستیاب سہولیات کے بارے استفسار کیا جس پر سب نے اطمینان کا اظہار کیاُ اوراسپتال انتظامیہ، خصوصاً ایم ایس ڈاکٹر گل شازدہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں لایا گیا بہتری کا نظام قابل ستائش ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس صاحب کو خصوصی داد دیتے ہوئے کہا کہ “آپ نے اسپتال کے انتظام کو نہایت عمدہ انداز میں بہتر کیا ہے، اسی جذبے اور پروفیشنلزم کی ضرورت ہے۔”
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہترین سہولیات، شفاف اور بروقت سروس ڈلیوری، صفائی اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور اس میں مزید بہتری لائی جائے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسپتال انتظامیہ اسی لگن کے ساتھ عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی۔