ناران ویلی جرید درویان میں خوفناک آتشزدگی، سات گھر راکھ کا ڈھیر ،خاندان شدید سردی میں بے یارو مددگار

76

مانسہرہ : ناران ویلی جرید درویان میں خوفناک آتشزدگی، سات گھر راکھ کا ڈھیر ،خاندان شدید سردی میں بے یارو مددگار۔

ناران ویلی کے علاقے جرید درویان میں رات گئے ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سات گھروں کو لپیٹ میں لے کر مکمل طور پر خاکستر کر دیا۔ آتشزدگی میں متاثرہ خاندانوں کا تمام گھریلو سامان، مویشی اور رہائش تباہ ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد اس وقت شدید اذیت سے دوچار ہیں ۔
نہ سر چھپانے کی جگہ، نہ گرم کپڑے، نہ بستر، نہ کھانا۔

شدید سردی اور برف باری کے آغاز نے صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ بچوں، بزرگوں اور خواتین سمیت مویشیوں کی جانیں بھی خطرے میں ہیں۔ علاقے میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر چکا ہے اور متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے بیٹھے مدد کے منتظر ہیں۔

یہ صورتحال کسی معمولی حادثے کی نہیں بلکہ بڑے انسانی بحران کی نشاندہی کرتی ہے۔

متاثرین نے چیف منسٹر خیبر پختونخوا، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، ڈپٹی کمشنر، چیئرمین یونین کونسل، مقامی ایم پی اے اور تمام فلاحی تنظیموں سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔ہنگامی اقدامات کی فوری ضرورت ، متاثرہ خاندانوں کو فوری راشن، گرم کپڑے اور کمبل فراہم کیے جائیں۔

سرد موسم کے مطابق خیمے، بسترے اور ضروری گھریلو اشیاء مہیا کی جائیں ،جل گئے گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لیے مالی امداد دی جائے ۔مویشیوں اور دیگر اثاثوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک مسلسل مدد جاری رکھی جائے۔
متاثرہ گھروں کے مکین انتہائی مشکل میں ہیں اور ان کی زندگیاں فوری امداد کی منتظر ہیں۔

اگر بروقت مدد نہ پہنچی تو سخت سردی میں مزید جانی نقصان کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں