مانسہرہ : کنگ عبداللہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کے مریضوں کے ساتھ منفی رویے کے خلاف احتجاج اور ویڈیو ریکارڈنگ کرنے پر چیئرمین ویلج کونسل سٹی نمبر ون، وحید احمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ کارروائی ڈاکٹر احمد سعید کی مدعیت میں درج مقدمے کے بعد عمل میں لائی۔
تفصیلات کے مطابق، چیئرمین وحید احمد اور ڈاکٹر احمد سعید کے درمیان چلڈرن وارڈ میں ایک بچے کے علاج کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ بعد ازاں، وحید احمد نے ڈاکٹروں کے رویے کے خلاف ایک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی۔
اس واقعے کے ردعمل میں ڈاکٹروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے ڈاکٹروں کی درخواست پر چیئرمین ویلج کونسل کے خلاف دفعہ 188 اور 189 کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔