بٹگرام : ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے آخری روز (18 دسمبر) کچپ ڈے کے موقع پر ایوننگ ریویو میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں مہم کی مجموعی کارکردگی، اہداف اور حاصل شدہ نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ایریا کورڈینیٹر ڈاکٹر محمد غلام اسحاق صاحب نے ڈپٹی کمشنر بٹگرام کو پولیو مہم کے تمام دنوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی، کور کیے گئے بچوں کی تعداد اور مجموعی ٹارگٹس کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔
میٹنگ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ایاز، اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذاکر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت، پولیس، ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد نے انسدادِ پولیو مہم کے آخری روز کی کارکردگی اور اعداد و شمار کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ضلع کو پولیو جیسے موذی مرض سے پاک رکھنے کے لیے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں نے نہایت ذمہ داری اور قومی جذبے کے تحت اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے سو فیصد اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔