بٹگرام: صوبائی حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سہیل نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اختر رسول کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ہیڈ کوارٹر کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی، انتظامی اور سہولیاتی امور کا جامع جائزہ لیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، وارڈز، ایمرجنسی سروسز، صفائی کے انتظامات اور مریضوں کے لیے دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایم ایس کی ٹیم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ ہسپتال کے مجموعی نظام کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صفائی ستھرائی، مریضوں کی دیکھ بھال، ایمرجنسی سروسز، ادویات کی دستیابی اور مجموعی سروس ڈلیوری میں نمایاں اور مثبت بہتری لائی گئی ہے۔ ایم ایس ٹیم نے بتایا کہ ہسپتال میں تمام عملہ ٹیم ورک کے تحت پوری محنت اور لگن سے کام کر رہا ہے اور ان شاءاللہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کو ایک مثالی اسپتال بنایا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سہیل نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کے اٹنڈنٹس سے ادویات اور دستیاب سہولیات کے بارے میں استفسار کیا، جس پر مریضوں اور ان کے لواحقین نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ بالخصوص ایم ایس ڈاکٹر گل شازدہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں علاج معالجے اور دیگر سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے جو کردار ادا کیا گیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔
دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اسپتال میں جائیکا (JICA) اور عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے تعاون سے جاری اقدامات کا بھی معائنہ کیا، جن میں نرسری کے قیام اور پیڈز وارڈ میں کی گئی نمایاں بہتری شامل ہے۔ انہوں نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں پوری جانفشانی، لگن اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ مریضوں کی خدمت جاری رکھنی چاہیے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سہیل نے ایم ایس ڈاکٹر گل شازدہ اور ان کی ٹیم کو خصوصی داد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہسپتال کے انتظامات کو نہایت عمدہ اور پروفیشنل انداز میں بہتر کیا ہے، اسی جذبے اور محنت کو برقرار رکھا جائے۔
آخر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کیں کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات، شفاف اور بروقت سروس ڈلیوری، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور ان میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسپتال انتظامیہ اسی لگن اور جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی اور مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔