بٹگرام: صوبائی حکومت کی گڈ گورنس پالیسی کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سہیل نے آج مویشی منڈی کا دورہ کیا اور وہاں موجود تمام سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مویشیوں کے لیے چارہ اور پانی کی دستیابی، گاکوں کے بیٹھنے کے انتظامات، اور ویٹنری ڈاکٹر کی موجودگی کو چیک کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے منڈی میں موجود بیوپاریوں اور گاکوں سے ملاقات کی اور معلوم کیا کہ کسی کو کسی قسم کا مسئلہ تو نہیں ہے۔ انہوں نے ٹی ایم اے بٹگرام کو ہدایات جاری کیں کہ منڈی میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، چارہ اور پانی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ جانوروں کو ہر سہولت موقع پر دستیاب ہو۔
مزید برآں، ویٹنری ڈاکٹر کو ہدایت دی گئی کہ کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے ضروری سپرے اور حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی بیماری کا خطرہ نہ رہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سہیل نے اس موقع پر مقامی ٹی ایم اے کو بھی واضح ہدایات دی کہ منڈی میں نظم و ضبط اور صفائی برقرار رکھی جائے تاکہ ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔