ایبٹ آباد : ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ایبٹ آباد کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے دفتر کے تمام سیکشنز کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے آفس سٹاف اور ہیلتھ کوآرڈینیٹرز سے ملاقات کی اور دفتری امور، مجموعی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد ڈاکٹر شہزاد اقبال نے ڈپٹی کمشنر کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مختلف سیکشنز، ان کے افعال اور جاری امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ڈی ایچ او ایبٹ آباد کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبے میں سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوام کو بہتر، بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق تمام امور میں کارکردگی، شفافیت اور جوابدہی کو ترجیح دی جائے۔