عوامی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس سہولت مرکز ایپ میں بلڈ ڈونیشن آپشن سمیت متعدد فیچرز شامل

8

٭ عوامی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس سہولت مرکز ایپ میں بلڈ ڈونیشن آپشن سمیت متعدد فیچرز شامل۔
٭ پولیس سہولت مرکز ایپ میں بلڈ ڈونیشن آپشن کا مقصد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا اور عوام کو ایک دوسرے کی مدد کے لیے مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقا رحمید
(پریس ریلیز)
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات کی روشنی میں پولیس کی جانب سے عوام کی سہولت کے لیے پولیس سہولت مرکز ایپ کو مزید مؤثر اور ہمہ گیر بنا دیا گیا ہے۔ ایپ میں ایمرجنسی حالات کے پیشِ نظر بلڈ ڈونیشن کا خصوصی آپشن شامل کیا گیا ہے جس سے شہری ضرورت کے وقت خون عطیہ کر سکتا ہے اور ضرورت مند افراد بآسانی خون حاصل بھی کر سکتے ہیں۔
اس فیچر کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ ایپ میں بلڈ ڈونرز اور ضرورت مند اشخاص کے ٹیلی فون نمبرز بھی دستیاب ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ ممکن ہو سکے اور کسی بھی حادثے یا طبی ایمرجنسی میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا اور عوام کو ایک دوسرے کی مدد کے لیے مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔واضح رہے کہ یہ سہولت صوبہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں میسر ہے۔
مزید برآں سہولت مرکز ایپ کے ذریعے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، ٹریفک لرنر،گھریلو ملازم ویریفیکیشن،کرایہ دار فارم اور دیگر اہم عوامی خدمات جو کہ مفت اورانتہائی کم سے کم فیس میں فراہم کی جا رہی ہیں۔ جس سے شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے نجات مل رہی ہے اور خدمات تیز، شفاف اور آسان ہو گئی ہیں۔ اب تک ہزاروں کی تعداد میں شہری پولیس سہولت مرکز ایپ کے ذریعے ان خدمات سے مستفید ہو چکے ہیں۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اس اقدام کو عوامی خدمت کے وژن کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سہولت مرکز ایپ کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے فائدہ اُٹھا سکیں۔
خیبرپختونخوا پولیس عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ سہولت مرکز ایپ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور بالخصوص بلڈ ڈونیشن جیسے انسانی خدمت کے فیچر کے ذریعے معاشرے میں ایک دوسرے کی مدد کا جذبہ فروغ دیں-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں