ڈیرہ اسماعیل خان:
رات گئے نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ کھتی پر حملہ کیا، جس پر پولیس نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس جوانوں نے دلیری، جوانمردی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔ جوابی کارروائی کے دوران دو دہشت گرد (خوارج) مارے گئے، جبکہ ایک پولیس جوان معمولی زخمی ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ خود موقع پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر ایس پی صدر، ڈی ایس پی سٹی، ڈی ایس پی سبرب سمیت دیگر پولیس افسران بھی نفری کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ نے پولیس جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس کا مورال بلند ہے اور پولیس ہر صورت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

