ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کی قلندر آباد کھلی کچہری میں شرکت
ایبٹ آباد: ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کے ساتھ قلندر آباد ہل میرا میں عوامی کھلی کچہری میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون الرشید خان، ڈی سی ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم اور دیگر پولیس و ضلعی افسران بھی موجود تھے۔
کھلی کچہری میں مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور علاقے میں پولیس اور انتظامیہ کے حوالے سے درپیش مسائل اور تجاویز براہِ راست پیش کیں۔ ڈی آئی جی نے عوامی مسائل سنے اور موقع پر موجود پولیس افسران کو ان کے حل کی ہدایات دیں۔
ڈی آئی جی ناصر محمود ستی نے بتایا کہ آئی جی خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید کی قیادت میں پولیس عوام دوست اقدامات کے فروغ کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں پورے صوبے میں پولیس سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ہزارہ ڈویژن میں بھی ہر ضلع میں جدید سہولیات کے ساتھ پولیس سہولت مراکز بنائے جا چکے ہیں اور عوام ان سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ جلد قلندر آباد میں بھی ایک پولیس سہولت مرکز قائم کیا جائے گا تاکہ لوگ اپنی سہولیات اپنے علاقے میں ہی حاصل کر سکیں۔
انہوں نے ٹریفک مسائل پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی منی اڈے، ریڑھی بان اور دیگر رکاوٹیں دور کی جائیں گی تاکہ ٹریفک روانی میں آسانی ہو۔ منشیات فروش، ٹمبر سمگلر اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی نے عوام سے کہا کہ ہزارہ پولیس آپ کی اپنی پولیس ہے، جرائم کے خاتمے میں پولیس کا ساتھ دیں۔ اگر کسی کے پاس کسی جرائم پیشہ فرد کی معلومات ہو تو وہ ڈی آئی جی یا ڈی پی او ایبٹ آباد کے کمپلین نمبر پر واٹس ایپ کے ذریعے بھیج سکتے ہیں۔ ہر شکایت پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔










