کیپٹل سٹی پولیس پشاور پریس ریلیز – مورخہ 20 جنوری 2026

32

کیپٹل سٹی پولیس پشاور
پریس ریلیز – مورخہ 20 جنوری 2026

پشاور: ایس پی ورسک ڈویژن فدا حسین کی قیادت میں تھانہ ناصر باغ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ریگی سرکل آصف شریف، ڈی ایس پی ورسک سرکل نور حیدر خان، ایس ایچ او تھانہ ناصر باغ عزیر خان، ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ بہرامند شاہ کے علاوہ شیخ یاسین ٹاؤن کے متاثرہ مکین، علاقہ مشران، علماء کرام اور معززین نے شرکت کی۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے ایس پی ورسک کو علاقے میں درپیش مسائل، سکیورٹی انتظامات اور امن و امان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔ بالخصوص شیخ یاسین ٹاؤن کے رہائشیوں نے پلاٹس، این او سی کے اجرا، قبضہ کی حوالگی، فائلوں کی تکمیل اور دیگر انتظامی امور سے متعلق اپنی شکایات اور تحفظات پیش کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ منشیات کے خاتمے، ہوائی فائرنگ اور دیگر جرائم کی روک تھام کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی دی گئیں۔

اس موقع پر ایس پی فدا حسین نے سوسائٹی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پلاٹس سے متعلق تمام معاملات، بشمول این او سی کی فراہمی، قبضہ کی منتقلی اور فائلوں کی تکمیل، دس دن کے اندر حل کیے جائیں۔ بصورتِ دیگر ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سوسائٹی کو سیل کیا جائے گا اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمے اور پُرامن ماحول کے قیام میں عوام کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ شہری پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور معاشرے کو منشیات فروشوں، قبضہ مافیا، سود خور عناصر اور غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنے میں اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔

ایس پی ورسک نے بتایا کہ پشاور پولیس کی جانب سے خطرناک نشہ آور اشیاء، خصوصاً آئس، غیر قانونی اسلحہ کی نمائش، قبضہ مافیا اور دیگر جرائم کے خلاف مؤثر مہم جاری ہے، جس کی کامیابی کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔

آخر میں انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ قانون شکن عناصر کی نشاندہی کریں اور پولیس کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے امن و امان کے قیام میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ شرکاء نے بھی جرائم کے خاتمے اور علاقے میں امن کے فروغ کے لیے پولیس کے شانہ بشانہ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں