ایبٹ آباد ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کی زیر صدارت چینی اور دیگر غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی استور، ڈی آئی جی سپیشل برانچ آزاد جموں و کشمیر، ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی، ڈی پی او ہری پور، ڈی پی او اپر کوہستان، ایس پی سپیشل برانچ ہزارہ، ایس ایس پیز سی ٹی ڈی ہزارہ اور ایس پی ایس پی یو اسلام آباد نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران غیر ملکی شہریوں، خصوصاً چینی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے، سیکیورٹی خدشات کے ازالے اور معلومات کے بروقت تبادلے کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی اور دیگر غیر ملکی شہریوں کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ خیبرپختونخواہ پولیس ان کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں انجام دے سکیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر ملکی شہریوں کی آمد و رفت کے دوران معلومات کی فوری اور مؤثر ترسیل کو یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی بروقت روک تھام ممکن ہو۔ اجلاس میں سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور ہزارہ پولیس، گلگت پولیس اور آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان کے اطراف میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی، تاکہ ملک دشمن عناصر کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔


