گڑہی حبیب اللہ کے نواحی علاقے گاؤں برارکوٹ توت نکہ میں آج صبح اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب سکول جاتے ہوئے ایک بچے پر شیر نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں طالبعلم شدید زخمی ہو گیا۔ مقامی افراد کے مطابق واقعے کے فوراً بعد اہلِ علاقہ نے بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی گاؤں برارکوٹ میں شیر کے حملوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں لوگوں کے مال مویشی کو نقصان پہنچا، تاہم محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
مقامی عمائدین نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر علاقے میں حفاظتی اقدامات کیے جائیں، جنگلی جانور کی گرفتاری یا محفوظ مقام پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے، اور شہریوں بالخصوص بچوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
