شمالی وزیرستان: پولیس ملازمین اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے فلاحی اقدامات، ڈی پی او سجاد حسین نے امدادی چیکس تقسیم کر دیے-

17

شمالی وزیرستان میں پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کی مدد کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شمالی وزیرستان سجاد حسین (پی ایس پی) نے میڈیکل ایڈ اور مالی معاونت کے چیکس تقسیم کیے۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر سید جلال وزیر بھی ڈی پی او کے ہمراہ موجود تھے۔ تقریب کے دوران پولیس ملازمین کو علاج معالجے کے لیے میڈیکل ایڈ کے چیکس فراہم کیے گئے، جبکہ تھیلیسیمیا کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو طبی ضروریات پوری کرنے کے لیے مالی امداد بھی دی گئی۔
ڈی پی او سجاد حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے اور محکمہ پولیس اپنے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی صحت اور سماجی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ویلفیئر پروگرامز کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھیلیسیمیا جیسے موذی مرض میں مبتلا افراد کی مدد کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور پولیس اپنی سماجی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
تقریب کے اختتام پر مستحق پولیس ملازمین اور مریضوں کے اہل خانہ نے محکمہ پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں