بفہ: مویشی چوری کیس، پولیس کی بڑی کامیابی — پانچ رکنی رسہ گیر گروہ گرفتار

21

بفہ کے علاقے اچھڑیاں سے چوری ہونے والے مویشیوں کی بازیابی کے معاملے میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہری پور سے مویشی برآمد کر لیے اور واردات میں ملوث رسہ گیر گروہ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے چوری میں استعمال ہونے والی سوزوکی گاڑی بھی تحویل میں لے لی۔
پولیس کے مطابق تقریباً بیس روز قبل تھانہ بفہ کی حدود میں واقع کورے اچھڑیاں میں مومن خان کے مویشی باڑے سے ایک بھینس اور متعدد بکریاں رات کی تاریکی میں چوری کر کے گاڑی کے ذریعے ہری پور منتقل کی گئی تھیں۔
ایس ایچ او شجاعت قریشی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے سی سی ٹی وی کیمروں اور خفیہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا، جس کے نتیجے میں ملزمان کا سراغ لگایا گیا۔ کامیاب کارروائی کے دوران مویشیوں اور گاڑی کی برآمدگی کے ساتھ ساتھ گروہ کے تمام پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں