ایبٹ آباد: تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) ایبٹ آباد نے کرایہ داروں کی سہولت کے لیے ایک اہم اور جدید قدم اٹھاتے ہوئے کرایہ جمع کروانے کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت اب ٹی ایم اے ایبٹ آباد کے کرایہ داروں کو بینکوں کے چکر لگانے یا طویل قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس سلسلے میں ٹی ایم اے ایبٹ آباد اور ون لنک (One Link) کے نمائندگان کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ ماہ سے یہ نظام باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہوگا، جس کے ذریعے تمام کرایہ دار گھر بیٹھے کسی بھی وقت مقررہ تاریخ تک اپنا ماہانہ کرایہ ٹی ایم اے کے اکاؤنٹ میں جمع کرا سکیں گے۔
نئے نظام کے تحت کرایہ دار ایزی پیسہ، جاز کیش سمیت دیگر منظور شدہ موبائل بینکنگ ایپس کے ذریعے آسانی سے ادائیگی کر سکیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے نہ صرف شہریوں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ ادائیگی کے عمل میں شفافیت اور تیزی بھی آئے گی۔
ٹی ایم اے ایبٹ آباد کے مطابق یہ اقدام عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

