رمضان المبارک میں جرائم کے خاتمے کے لیے ڈی پی او ہری پور کے واضح احکامات، گرینڈ آپریشن کا اعلان

19

ہری پور: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی زیرِ صدارت پولیس لائنز ہری پور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی سکیورٹی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور جمیل الرحمان، تمام سرکل ڈی ایس پیز، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن، ضلع بھر کے ایس ایچ اوز، انچارج او سی یو، شعبہ تفتیش کے انچارج، انچارج ٹریفک سمیت دیگر سینئر و جونیئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

ڈی پی او ہری پور نے اجلاس کے دوران ضلع بھر میں پیش آنے والے جرائم، تفتیشی امور، زیرِ التواء مقدمات اور مجموعی قانون و امن کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو پیشہ ورانہ فرائض مزید مؤثر انداز میں انجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے واضح احکامات دیتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو پُرسکون اور محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے پیشہ ور گداگروں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن عناصر کے خلاف گرینڈ آپریشنز عمل میں لائے جائیں۔

انہوں نے افغان مہاجرین کے انخلاء کے عمل کو یقینی بنانے اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق قانونی کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں گشت، سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندیوں کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ڈی پی او ہری پور نے جعلی عاملوں، سود کا کاروبار کرنے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائیاں کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے چوروں، ڈکیتوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف مؤثر اور قانونی کارروائیاں یقینی بنانے، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے اور حساس مقامات کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس کے اختتام پر ڈی پی او ہری پور نے ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں